بے مقصد دوطرفہ سیریز کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے, آئی سی سی چیف

بے مقصد دوطرفہ سیریز کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے, آئی سی سی چیف

آئی سی سی کے چیف ایگزیکٹو سنجوگ گپتا نے کہا ہے کہ کرکٹ میں بے مقصد اور غیر منظم انداز میں کھیلی جانے والی دو طرفہ سیریز کا سلسلہ اب ختم ہونا چاہیے۔

 انہوں نے یہ بات بھارتی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں کہی۔گپتا نے کہا کہ ون ڈے کرکٹ کو توجہ، ثقافت، مسابقت اور سخت مقابلے جیسے عناصر سے جوڑنا ضروری ہے تاکہ اس فارمیٹ کی اہمیت برقرار رہے۔ ان کے مطابق، اس فارمیٹ کا مستقبل مردوں اور خواتین کے ورلڈکپ سے مضبوطی سے وابستہ ہونا چاہیے، اور اس کی ساخت و دائرہ کار کو بھی وقت کے ساتھ بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔انہوں نے نشاندہی کی کہ حالیہ برسوں میں ٹی ٹوئنٹی لیگز اور ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے سبب ون ڈے کرکٹ کو مشکلات کا سامنا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، سابق جنوبی افریقی کپتان گریم اسمتھ اور جَونٹی رہوڈز بھی دو طرفہ ون ڈے سیریز کے کم ہوتے کردار پر تشویش کا اظہار کر چکے ہیں۔واضح رہے کہ اگلا ون ڈے ورلڈکپ 2027 میں جنوبی افریقا، زمبابوے اور نمیبیا میں کھیلا جائے گا، جس میں 14 ٹیمیں حصہ لیں گی۔ گپتا کا کہنا ہے کہ اس قسم کی سیریز کا اختتام اور معیاری مقابلوں پر توجہ دینے سے کرکٹ کے مستقبل کو تقویت ملے گی۔