لاہور،اسلام آباد:طیاروں کو GPSسگنل میں دشواری

100ناٹیکل میل ایریا میں دوران پرواز سگنل میں دشواری رپورٹ:پی اے اے 
نیویگیشن دشواری پر اے ٹی سی کو مدد کیلئے مطلع کریں:طیاروں کے کپتانوں کو ہدایت 
اسلام آباد (خصوصی رپورٹ) کراچی، لاہور اور اسلام آباد ایئرپورٹس کی حدود میں طیاروں کو جی پی ایس سگنل میں دشواری اور مداخلت کے واقعات ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔ پاکستان ایئرپورٹس اتھارٹی نے نوٹم جاری کردیا جس کے مطابق لاہور، کراچی اوراسلام آباد ایئرپورٹس کے 100ناٹیکل میل ایریا میں طیاروں کو فلائٹ کے دوران جی پی ایس سگنل میں دشواری رپورٹ ہوئی۔ ایئر ٹریفک کنٹرول نے طیاروں کے کپتانوں کو نئی ہدایت جاری کردیں، کراچی اور لاہور انفارمیشن ریجن کے دیگر علاقوں میں بھی طیاروں کو دوران پرواز جی پی ایس سگنل میں دشواری رپورٹ ہوئی ہے۔ نوٹم کے مطابق تمام پائلٹ تفصیلات کے ساتھ جی پی ایس سگنل کی دشواری سے متعلق فوری اے ٹی سی کو رپورٹ دیں، فریکوئنسی مداخلت کے دوران پرواز نیویگیشن کے محفوظ اور موثر تسلسل کیلئے ضروری اقدامات کریں، نیویگیشن میں دشواری کی صورت میں اے ٹی سی کو مدد کیلئے مطلع کریں، جی پی ایس سگنل میں مداخلت اور دشواری سے طیاروں کو فلائٹ کے دوران مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں، سگنل دشواری سے پروازیں روٹ سے ہٹنے کے سبب مسائل پیدا ہوتے ہیں۔