پی سی بی اور پی ایس ایل کی آٹھ فرنچائزز کے مالکان کے درمیان جنوری میں لیگ کے انعقاد پر بات چیت جاری
لاہور (سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا اگلا سیزن پی ایس ایل 12 آئندہ سال جنوری میں کرانے کی تجویز سامنے آگئی۔ کرکٹ ویب سائٹ کے مطابق پی سی بی اور پی ایس ایل کی آٹھ فرنچائزز کے مالکان کے درمیان جنوری میں لیگ کے انعقاد پر بات چیت جاری ہے۔ یکم ستمبر کو لندن میں ہونے والے پی ایس ایل گورننگ کونسل کے اجلاس میں بھی اس حوالے سے اہم تجاویز پر غور کیا گیا۔رپورٹ کے مطابق میڈیا رائٹس ہولڈر کی جانب سے پی ایس ایل کو اپریل، مئی کی بجائے جنوری میں منتقل کرنے کی تجویز دی گئی جس کی ایک وجہ اپریل، مئی کی ونڈو میں محدود اشتہاری آمدن بتائی گئی ہے۔تاہم جنوری میں لیگ کرانے کی صورت میں غیر ملکی کھلاڑیوں کی دستیابی ایک بڑا چیلنج بن سکتی ہے کیونکہ اسی عرصے میں بگ بیش لیگ (بی بی ایل) اور جنوبی افریقا کی لیگ بھی جاری ہونے کا امکان ہے۔اجلاس میں پنجاب میں سردی اور دھند کے باعث جنوری اور فروری میں میچز کے انعقاد پر بھی خدشات کا اظہار کیا گیا۔ اس حوالے سے کراچی سے پی ایس ایل شروع کرکے بعد ازاں پنجاب اور پشاور منتقل کرنے کی تجویز بھی زیر غور آئی۔