گھریلو صارفین کو صبح 6 بج کر 30 منٹ سے 9 بجے ، دوپہر 12 بجے سے ڈھائی بجے ،شام 6 سے رات 9 بجے تک گیس فراہم کی جائے گی
لاہور(کرائم رپورٹر)موسم سرما میں گیس کی دستیابی یقینی بنانے کے لیے سوئی سدرن گیس کمپنی نے نئی حکمت عملی جاری کردی، جس کے تحت گھریلو صارفین کو روزانہ صرف 8 گھنٹے گیس فراہم کی جائے گی۔کمپنی کے مطابق گیس فراہمی کے اوقات صبح، دوپہر اور رات کیلئے مقرر کئے گئے ہیں، جن کا اطلاق آج سے ہوگا،ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کے مطابق گھریلو صارفین کو صبح 6 بج کر 30 منٹ سے 9 بجے تک گیس فراہم کی جائے گی، جب کہ دوپہر 12 بجے سے ڈھائی بجے تک گیس دستیاب ہوگی۔اسی طرح رات کے اوقات میں شام 6 بجے سے رات 9 بجے تک گھریلو صارفین کو گیس فراہم کی جائے گی۔ایس ایس جی سی کا کہنا ہے کہ موسم سرما کے دوران گیس کی دستیابی کو بہتر بنانے کیلئے یہ شیڈول مرتب کیا گیا ہے اور گھریلو صارفین کو ترجیح دی جائے گی۔دوسری جانب وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ مستحق لوگوں کو ایل پی جی پر بی آئی ایس پی کے ڈیٹا پر ریلیف دیں گے،اپنے بیان میں علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ عالمی منڈی کے مطابق ایل پی جی کی 450 روپے فی کلو قیمت بنتی ہے، چند عناصر نے ایل پی جی پر منافع خوری کی لیکن سستی ایل پی جی فراہم کریں گے۔