سالک حسین کرپشن کے ثبوت پیش کریں یا معافی مانگیں: عظمیٰ بخاری

 وفاقی وزیر اور حکومت کا حصہ ہونے کے باوجود ثبوت کے بغیر بے بنیاد الزامات لگانا  زیب نہیں دیتا
سرکاری عہدے کا فائدہ  اٹھانا اور ساتھ ہی الزام تراشی کرنا قابل قبول نہیں، ایسا نہیں چلے گا:وزیراطلاعات
لاہور(سپیشل رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وفاقی وزیر چودھری  سالک حسین کے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے متعلق بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے سالک حسین وزیراعلیٰ پنجاب کے نوٹس کا جواب دیں، کرپشن کے ثبوت پیش کریں یا معافی مانگیں۔ وفاقی وزیر اور حکومت کا حصہ ہونے کے باوجود ثبوت کے بغیر بے بنیاد الزامات لگانا انہیں زیب نہیں دیتا۔ سالک حسین نے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر گجرات کی تعیناتی کی سفارش کرنے کا خود اعتراف کیا تھا، تاہم  وہ اپنے مؤقف سے پیچھے ہٹ رہے ہیں، سرکاری عہدے کا فائدہ بھی اٹھانا اور ساتھ ہی الزام تراشی کرنا قابل قبول نہیں، ایسا نہیں چلے گا۔ سالک حسین کے بھائی بھی گزشتہ روز ان کے الزامات کو مسترد کر چکے ہیں، اس لیے اب انہیں اپنے الزامات کا جواب دینا ہوگا، یوٹرن لینے سے کام نہیں چلے گا۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز نے دو سال کے دوران کھربوں روپے کے منصوبے شروع کیے اور مکمل کیے ہیں، کوئی ناقد بھی ان منصوبوں میں ایک دھیلے کی کرپشن کا الزام نہیں لگا سکا۔انہوں نے سوال اٹھایا کہ سالک حسین خود کہہ چکے ہیں کہ ان کے پاس شواہد نہیں، لیکن دوسری جانب انہوں نے الماریاں بھرنے کے الزامات لگائے ہیں، اب انہیں اس کا جواب دینا ہوگا۔