وزیراعظم سے ملاقات‘ بلاول بھٹو نے پارٹی تحفظات سامنے رکھ دیئے

آئینی ترامیم اور انتخابی اصلاحات پر مشاورت، قانون سازی سے قبل مسودے  فراہم کرنیکا مطالبہ
شہباز شریف نے تحفظات دور کرنے اور اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کی یقین دہانی کرائی:اندرونی کہانی
اسلام آباد ( آن لائن) وزیراعظم شہباز شریف اور چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کے درمیان اہم ملاقات کی اندرونی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال، خیبر پختونخوا میں امن و امان، گورننس، وفاق اور پیپلز پارٹی کے درمیان انتظامی معاملات، آئندہ قانون سازی اور مجوزہ آئینی ترامیم سمیت اہم سیاسی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ذرائع کے مطابق ملاقات میں خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتحال اور صوبے میں گورننس کے معاملات زیرِ بحث آئے، جبکہ صوبائی انتظامی امور اور اختیارات کے حوالے سے وفاقی حکومت اور پیپلز پارٹی کے درمیان مشاورت ہوئی۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی کی جانب سے گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی کو صوبائی معاملات میں مؤثر کردار اور مناسب اختیارات دینے کا معاملہ بھی اٹھایا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملاقات میں آنے والے دنوں کے دوران پارلیمنٹ میں متوقع اہم قانون سازی اور مجوزہ آئینی ترامیم پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی۔ پیپلز پارٹی نے مؤقف اختیار کیا کہ اہم قانونی بلوں کی منظوری سے قبل پارٹی کو اعتماد میں لیا جائے اور مجوزہ بلوں کے مسودے پیشگی فراہم کیے جائیں تاکہ ان کا جائزہ لے کر اپنی تجاویز اور تحفظات سامنے رکھے جا سکیں۔بلاول بھٹو زرداری نے زیرِ غور قانونی بلوں کے حوالے سے پیپلز پارٹی کے تحفظات وزیراعظم کے سامنے رکھے، جس پر شہباز شریف نے یقین دہانی کرائی کہ قانون سازی کے اہم معاملات میں پیپلز پارٹی کو اعتماد میں لیا جائے گا اور اس کے تحفظات دور کرنے کے لیے مشاورت جاری رکھی جائے گی