پولیس نے موٹر سائیکل چور گینگ کے دو ملزمان گرفتار کرلیے

2 موٹر سائیکلیں، موبائل فون، چوری شدہ کیبل اور غیر قانونی اسلحہ برآمد
لاہور (کرائم رپورٹر) گوالمنڈی میو ہسپتال پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دو رکنی کاشی نات موٹر سائیکل چور گینگ کو گرفتار کرکے دو موٹر سائیکلیں، موبائل فون، چوری شدہ کیبل اور غیر قانونی اسلحہ برآمد کر لیا۔ ایس پی سٹی ارشد حیات کانجو کے مطابق پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو مالِ مسروقہ سمیت گرفتار کیا۔ ملزمان نے پولیس کو دیکھ کر فرار ہونے کی کوشش کی، تاہم ناکام رہے۔ گرفتار ملزمان کی شناخت کاشف عرف کاشی نات اور عثمان کے نام سے ہوئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان لاہور کے مختلف علاقوں میں وارداتیں کرتے اور موٹر سائیکلیں چوری کرنے کے لیے ماسٹر چابیوں اور اسلحے کا استعمال کرتے تھے۔ ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ایس پی سٹی نے کامیاب کارروائی پر ایس ایچ او گوالمنڈی اور سب انسپکٹر نصیر سمیت پولیس ٹیم کو شاباش دی۔