ورلڈ پولیس گیمز میں پنجاب پولیس اہلکار کے تمغے

لاہور (کرائم رپورٹر) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور سے سب انسپکٹر فرقان احمد خان پہلوان نے سنٹرل پولیس آفس میں ملاقات کی۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ سب انسپکٹر فرقان احمد خان پہلوان کی ورلڈ پولیس اینڈ فائر گیمز میں ریسلنگ مقابلے میں 2 برانز میڈل جیتنے پر حوصلہ افزائی کی گئی۔ آئی جی پنجاب نے سب انسپکٹر فرقان احمد خان پہلوان کو تعریفی سند سے نوازا۔ اس موقع پر آئی جی پنجاب نے کہا کہ پنجاب پولیس کے ایتھلیٹس قومی و صوبائی سمیت بین الاقوامی سطح پر مسلسل کامیابیاں حاصل کر رہے ہیں۔ کھیلوں میں میڈلز جیتنے والے پولیس ایتھلیٹس محکمہ کا فخر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اور سرپرستی کے لیے بھرپور اقدامات جاری رہیں گے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے بتایا کہ ورلڈ پولیس اینڈ فائر گیمز میں 80 سے زائد ممالک کی لاء￿  انفورسمنٹ ایجنسیز کے کھلاڑیوں اور فائر فائٹرز نے حصہ لیا۔ فرقان احمد خان پہلوان نے کریکو رومن اور فری سٹائل ریسلنگ میں 2 کانسی کے تمغے جیتے۔ انہوں نے امریکہ اور منگولیا کے پہلوانوں کو شکست دی۔ امریکہ میں ہونے والی گیمز میں وہ پاکستان کے واحد کھلاڑی تھے جنہوں نے پنجاب پولیس کی نمائندگی کی۔