سفاری پارک میں جنگلی ماحول کے تھیم پرزرافہ کیفے قائم

شہری زرافوں کوخوراک کھلانے کیساتھ قریب بیٹھ کر چائے ، کافی پی سکیں گے
لاہور(خصوصی رپورٹ)پاکستان میں پہلی بار لاہور سفاری پارک میں زرافہ کیفے قائم کیا گیا ہے جہاں شہری زرافوں کو اپنے ہاتھوں سے خوراک کھلانے کے ساتھ انکے قریب بیٹھ کر چائے اور کافی سے بھی لطف اندوز ہو سکیں گے۔جنگلی ماحول کے تھیم پر تیار کیا گیا یہ کیفے لاہور سفاری زو کے ری ویمپنگ منصوبے کا حصہ ہے۔ انتظامیہ کے مطابق کیفے کو جلد عوام کیلئے کھولنے کی تیاری کی جا رہی ہے۔لاہور سفاری پارک میں سیرکیلئے آنے والے چھوٹے بڑے شہریوں کی تفریح کیلئے اس وقت 10 زرافے موجود ہیں جن میں دو نر اور آٹھ مادہ ہیں،یہ زرافے ستمبر 2025 میں جنوبی افریقہ سے پاکستان لائے گئے تھے۔