لکی مروت (خصوصی رپورٹ ) خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران کوہاٹ پولیس لائنز خودکش حملے کا ماسٹرمائنڈ اہم دہشت گرد کمانڈر زاہد گل ہلاک ہوگیا ہے جب کہ اورکزئی اور خیبر کے سرحدی علاقے میں پولیس اور فرنٹیئر کانسٹیبلری(ایف سی) کے آپریشن کے دوران 10 دہشت گرد مارے گئے ہیں۔جمعے کے روز خیبرپختونخوا کے ضلع لکی مروت میں سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی فورسز نے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیا، آپریشن کے دوران اہم دہشت گرد کمانڈر زاہد گل مارا گیا۔سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کے مطابق ہلاک دہشت گرد کا تعلق گل بہادر گروپ سے تھا اور وہ کوہاٹ پولیس لائنز پر خود کش حملے کا مرکزی ماسٹر مائنڈ تھا، جس نے پرانی کوہاٹ پولیس لائنز پر خود کش حملے میں بارود سے بھری گاڑی کی خود رہنمائی کی تھی۔