این سی سی آئی اے،300پولیس افسر اہلکار مانگ لئے

 لاہور (کرائم رپورٹر) نیشنل سائبر کرائم انویسٹی گیشن ایجنسی (این سی سی آئی اے) نے پنجاب پولیس سے 300 افسران و اہلکار ڈیپوٹیشن پر طلب کر لیے اس حوالے سے ڈائریکٹر جنرل این سی سی آئی اے کی منظوری کے بعد آئی جی پنجاب کو مراسلہ بھجوا دیا گیا ہے۔ مراسلے کے مطابق مطلوبہ نفری میں 30 ڈی ایس پیز، 30 انسپکٹرز، 115 سب انسپکٹرز، 25 اسسٹنٹ سب انسپکٹرز جبکہ 100 ہیڈ کانسٹیبلز اور کانسٹیبلز شامل ہیں۔ مراسلے میں بتایا گیا ہے کہ پنجاب پولیس کے 107 افسران و اہلکاروں کی ناموں سمیت فہرست این سی سی آئی اے کو بھجوائی جا چکی ہے، جبکہ مزید 193 افسران و اہلکار جلد از جلد فراہم کرنے کی درخواست کی گئی ہیمراسلے کے مطابق ڈیپوٹیشن پر تعیناتی کے خواہش مند مرد و خواتین پولیس افسران و اہلکاروں کی عمر 48 سال سے کم، جسمانی طور پر فٹ اور کم از کم تعلیمی قابلیت بی اے یا آئی سی ایس ہونا ضروری ہے۔ امیدواروں کا سروس ریکارڈ بھی اے گریڈ اور ان کی شہرت اچھی ہونی چاہیے۔ سنگین محکمانہ سزا، زیر التوا انکوائری یا فوجداری مقدمے کا سامنا کرنے والے اہلکار تعیناتی کے اہل نہیں ہوں گے۔ این سی سی آئی اے کی جانب سے پنجاب پولیس سے بڑی تعداد میں نفری طلب کیے جانے کے بعد ادارے کی افرادی قوت کی ضروریات سے متعلق سوالات بھی سامنے آئے ہیں۔