51پولیس اہلکار زخمی،55مظاہرین گرفتار،مظاہرے دوسرے شہروں میں بھی پھیل گئے
تیرانا(آئی این پی ) البانیہ کے دارالحکومت تیرانا طلبہ کے احتجاج کی وجہ سے میدان جنگ بن گیا، پولیس اور مظاہرین میں جھڑپوں میں 51 پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ غیرملکی میڈیا کے مطابق مشتعل مظاہرین نے سڑکوں پر جلائو گھیرائو کیا، سرکاری عمارتوں، پولیس اسٹیشنز اور دکانوں میں داخل ہو کر توڑ پھوڑ کی۔وزارت تعلیم سمیت کئی عمارتوں کو آگ لگا دی۔مظاہرے دوسرے شہروں میں بھی پھیل گئے جبکہ پولیس نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے 55 مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔البانیہ کے وزیر اعظم ایدی راما نے استعفی دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مہنگی تعلیم جیسی جائز شکایات پر بات چیت کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے اسے البانیہ کی یورپی یونین رکنیت کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش قرار دیا۔واضح رہے کہ البانیہ میں طلبہ ان دنوں ناقص تعلیمی سہولیات، کرپشن اور بے روزگاری کے خلاف وزیراعظم سے استعفی کا مطالبہ کر رہے ہیں۔