ایتھلیٹکس فیڈریشن کیسلمان اقبال بٹ پرتاحیات پابندی

لاہور(سپورٹس ڈیسک)ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان نے انفرادی مقابلوں میں پاکستان کے پہلے اولپمک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم کیکوچ سلمان اقبال بٹ پر تاحیات پابندی لگادی۔2021 سے اولپمک گولڈ میڈلسٹ ارشدندیم کے کوچنگ کے فرائض انجام دینے والے سلمان بٹ اور ایتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے درمیان کچھ عرصے سے اختلافات تھے۔چند ہفتے قبل فیڈریشن نے ورلڈ ایتھلیٹکس چیمپئن شپ میں ارشد ندیم کی مایوس کن پرفارمنس پر سلمان اقبال بٹ سے جواب طلبی کی تھی جس کا سلمان اقبال بٹ نے تین روز قبل مفصل جواب جمع کرایا۔ جس کے بعد ایتھلیٹکس فیڈریشن نے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے آئین کی خلاف ورزی کا بہانہ بنا کر ان پر تاحیات پابندی عائد کر دی۔ایتھلیٹکس فیڈریشن کے مطابق سلمان اقبال بٹ اور سید حبیب شاہ نے پنجاب ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے غیر آئینی اور غیر قانونی انتخابات کروائے تھے جس کی پاداش میں سلمان بٹ پر تاحیات جب کہ حبیب شاہ پر 10 سال کی پابندی لگائی، معاملے پر فیڈریشن نے انکوائری کمیٹی تشکیل دی تھی جس میں سلمان بٹ اور حبیب شاہ انکوائری کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہوئے۔سلمان اقبال بٹ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہیکہ سلمان بٹ پر پابندی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن موصول نہیں ہوا، نوٹیفکیشن ملنے کے بعد آئندہ کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فیڈریشن نے ذاتی اختلافات اور میرٹ سے ہٹ کر فیصلہ کیا ہے، جواب طلبی پر دیے جانے والے تفصیلی جواب کا بھی ردعمل ہوسکتا ہے۔