بھارتی اداکار عمران خان نے ممبئی ہائیکورٹ سے معافی مانگ لی

ممبئی (شوبز ڈیسک) بالی ووڈ اداکار عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے خلاف احتجاج میں مبینہ شرکت پر ممبئی ہائی کورٹ سے غیر مشروط معافی مانگ لی۔عدالت میں جمع کرائے گئے حلف نامے میں اداکار نے کہا ہے کہ میرا احتجاج میں شرکت کا کوئی ارادہ نہیں تھا بلکہ میں صرف یہ دیکھنے کے لیے احتجاجی مقام پر گیا تھا کہ وہاں کیا ہو رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ نہ تو میں نے کوئی مطالبہ کیا اور نہ ہی احتجاجی تحریک کا حصہ بننے کا ارادہ تھا۔اداکار نے اپنے حلف نامے میں کہا ہے کہ مجھے بھارت اور اس کے آئین سے بے حد محبت ہے اور میں اس کا احترام کرتا ہوں۔انہوں نے کہا ہے کہ اپنی 42 سالہ زندگی میں سے 40 سال بھارت میں گزارے ہیں اور ہمیشہ ملک کے قوانین کا احترام کیا ہے۔اداکار کی قانونی ٹیم نے ہائی کورٹ میں عمران خان کی جانب سے دستخط شدہ غیر مشروط معافی نامہ اور آئندہ احتجاج میں شرکت نہ کرنے کی یقین دہانی بھی جمع کرائی ہے۔