’’اکیلے نہ جانا ہمیں چھوڑ کر‘‘ مریم نواز گانا سن کر سپیشل بچی کے پاس پہنچ گئیں بازواورٹانگوں سے محروم بچے کی باتیں سن کر آبدیدہ

وزیراعلیٰ نے حسن ابدال میں نواز شریف سینٹر آف ایکسی لینس برائے سپیشل ایجوکیشن کاسپیشل بچیوں کیساتھ مل کر افتتاح کیا‘کلاس روم دیکھے ، طریقہ تدریس کا مشاہدہ ، میوزک روم اور ایکٹویٹی روم کا معائنہ کیا
سویرانے ’’شب غم مجھ سے مل  کر ایسے روئی،ملا ہو جیسے صدیوں بعد کوئی‘‘بھی سنایا‘وزیراعلیٰ نے بچوں کے درمیان بیٹھ کرملی نغمہ  گایا‘بچوں کو باری باری پیار،دعائیں اوراظہار شفقت کیا، تیزاب سے جھلسنے والی بچی اور والدہ سے  ملاقا ت 
 حسن ابدال میں ریٹائرڈ حوالدار کے گھر آمد ‘ اپنی چھت، اپنا گھر کے تحت بننے والے مکان کا علامتی افتتاح، حوالدار اعتبارشاہ کے اہل خانہ سے ملاقات  ، بھنڈی اور دال کا سالن  کھایا
لاہور (سپیشل رپورٹر)راولپنڈی ڈویژن میں سپیشل بچوں کیلئے پہلا نواز شریف سینٹر آف ایکسی لینس قائم کر دیا گیا۔ حسن ابدال جیسے دوردراز علاقے میں سپیشل بچوں کیلئے سینٹر آف ایکسی لینس جیسی بڑی نعمت میسرہے۔ حسن ابدال میں نوازشریف سینٹر آف ایکسی لینس برائے سپیشل ایجوکیشن کا باقاعدہ کا آغازکر دیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سپیشل بچیوں کیساتھ مل کر سینٹر آف ایکسی لینس کا باضابطہ افتتاح کیااور سپیشل بچیوں کا ہاتھ پکڑ کر سینٹر آف ایکسی لینس میں داخل ہوئیں ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے سینٹر آف ایکسی لینس میں سماعت، قو ت گویائی سے محروم بچوں کیلئے سپیشل کلاس روم دیکھے ۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پیدائشی جسمانی معذوری کا شکار بچوں کا کلاس اور طریقہ تدریس کا مشاہدہ کیا ، میوزک روم اور ایکٹویٹی روم کا بھی معائنہ کیا۔وزیراعلیٰ مریم نواز شریف میوزک روم میں موجود سپیشل بچی سویرا کا ’’اکیلے نہ جانا ہمیں چھوڑ کر‘‘ گانا سن کردروازے سے پلٹ آئیں اور اسے پیار کیا۔ سپیشل بچی نے مریم نوازشریف کے لئے ’’شب غم مجھ سے ملکر ایسے روئی…ملا ہو جیسے صدیوں بعد کوئی‘‘بھی سنایا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سپیشل بچوں کے درمیان بیٹھ کرملی نغمہ بھی گایااوربچوں کو باری باری پیار،دعائیں اوراظہار شفقت کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف سے کلاس روم میں سپیشل بچے سفیان نے واٹس ایپ دینے کی معصوم خواہش کا اظہار کیاتو وزیراعلیٰ مسکرادی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کو سپیشل بچوں نے اپنے ہاتھ سے بنا کر کارڈ بھی پیش کیے ۔ اس موقع پربازواورٹانگوں سے محروم ننھے احمد علی کی باتیں سن کروزیراعلیٰ مریم نوازشریف سمیت تمام شرکاء آنسو نہ روک سکے ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے احمد علی کو پیار کیا اورخاص طورپر تصویر بنوائی۔ سپیشل بچے احمد علی نے کہا کہ جب میں پید ا ہوا تو میرے والدین رو دیئے کہ یہ بچہ کیسے زندگی گزار سکے گا۔وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے سپیشل بچوں کو سپر ہیرو قرار دے دیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے تیزاب سے جھلسنے والی بچی اوراس کی والدہ سے خصوصی ملاقا ت کی۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ مریم نواز  حسن ابدال کے نواحی علاقے میں ریٹائرڈ حوالدار کے گھرپہنچ گئیں اور اپنی چھت، اپنا گھر کے تحت بننے والے مکان کا علامتی افتتاح کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ریٹائرڈ حوالدار اعتبارشاہ کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور انہیں نئے گھر کی مبارکباد پیش کی۔ ریٹائرڈ حوالدار اعتبارشاہ نے اپنی چھت،اپنا گھر کے تحت مکان بنانے کی رودادسنائی اور کہا کہ پلاٹ تھا اورگھر بنانے کیلئے غیبی امداد کا منتظر تھا،اللہ نے ’’اپنی چھت اپنا گھر‘‘ کے تحت 15لاکھ دیئے اور گھر بن گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے نیا گھربننے کی خوشی میں اعتبار شاہ اوران کی فیملی کو تحائف بھی پیش کیے ۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے ریٹائرڈ حوالدار اعتبار شاہ سے کھانا کھلانے کی فرمائش کی جس پر بھنڈی اور دال کا سالن پیش کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے رغبت سے ریٹائرڈ حوالدار اعتبار شاہ کے گھر کھانا کھایا  اور سادہ کھانے کی کی لذت کو سراہا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اعتبار شاہ اور اہل خانہ جذباتی ہوگئے ۔