ابھی تک نتائج کے ذکر پر میں کہا کرتا تھا انشا اللہ، آج ہم نے انشااللہ کو الحمداللہ میں بدل دیا
ٹرمپ سے کہتا ہوں میرا نام پکارنے میں تمہیں مشکلات تھیں، اب صرف سینیٹر پکارا کرو:خطاب
واشنگٹن(آئی این پی) امریکہ میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات میں ڈیموکریٹک پارٹی کے امیدوار عبدل السید نے ریاست مشی گن سے سینیٹ کی نشست جیت کر امریکی تاریخ میں پہلی بار سینیٹر منتخب ہونے والے مسلم رکن کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔عبدل السید نے اپنے حریف کو واضح تناسب سے شکست دے کر ایوانِ بالا کا معرکہ اپنے نام کیا، ان کی کامیابی کا اعلان ہوتے ہی عبدل السید کے مہم ہیڈکوارٹر میں جشن کا ماحول پیدا ہوگیا اور ان کے حامیوں نے نعرے بازی کرکے اس کامیابی کو سراہا۔انتخابات میں فتح حاصل کرنے کے بعد اپنے پہلے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے عبدل السید نے کہا کہ انتخابی مہم کے دوران ان کی ذات، ان کے نام اور ان کے اسلامی عقیدے کو مسلسل نشانہ بنایا گیا، مخالفین نے ان کے نام کو متنازعہ بنانے اور انہیں ہرانے کیلئے کروڑوں ڈالر کے خطیر فنڈز اور بے بنیاد الزامات کا سہارا لیا لیکن انہوں نے تمام تر مخالفانہ ہتھکنڈوں کے باوجود اپنی جدوجہد اور عوامی رابطے کا سلسلہ جاری رکھا۔ن کا کہنا ہے کہ مشی گن کے عوام نے تمام تعصبات اور منفی بیانیے کو رد کرتے ہوئے جمہوریت اور عوامی خدمت کے جذبے کو ترجیح دی ہے، مجھے کہا گیا روایتی سیاست کا مقابلہ کرنا تمہارے بس کا کھیل نہیں لیکن مشی گن کے عوام نے ثابت کیا عوامی جدوجہد سب کچھ تبدیل کرسکتی ہے، ابھی تک آپ نے نوٹ کیا ہوگا کہ جب بھی نتائج کا ذکر آتا تو میں ہمیشہ کہا کرتا تھا انشا اللہ لیکن آج ہم نے انشا اللہ کو الحمداللہ میں بدل دیا، صدر ٹرمپ سے کہتا ہوں میرا نام پکارنے میں تمہیں مشکلات تھیں، آئندہ سے مجھے صرف سینیٹر پکارا کرو، جے ڈی حبیبی! جنوری میں آئین کے تحت تمہیں ہی مجھ سے حلف لینا ہوگا۔