ایرانی جنگ اور مہنگائی لے ڈوبی‘شکست تسلیم کرتا ہوں:امریکی صدر ٹرمپ کی پارٹی مڈٹرم الیکشن ہارگئی ڈیمو کریٹس واپس آگئے
ڈیموکریٹس نے دونوں ایوانوں میں اکثریت حاصل کرلی‘ٓیوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس کے 224 اور ریپبلکن کے 129 ارکان کامیاب‘سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی 19 نشستوں پر برتری کے بعد تعداد 53 ہوگئی ، پاکستانی بھی کامیاب
ڈیموکریٹس کیساتھ مل کر کام کروں گا ، ممکن ہے دونوں جماعتیں کسی معاملے پر اتفاقِ رائے پیدا کرلیں، میں امیدوار ہوتا تو میری جماعت کو زبردست فتح ملتی‘اسرائیل میں مقبول ہوں‘وہاں کا وزیراعظم بن سکتا ہوں:ٹرمپ
سابق سینیٹر لنزے گراہم کی بہن کو شکست‘نیو جرسی سے ڈاکٹر آدم حموی پہلے مسلم رکنِ کانگریس منتخب ،ڈیموکریٹ مسلم امیدوار عبدل السید کامیاب، پوپ لیو نے امریکی انتخابات میں ووٹ ڈال کر نئی تاریخ رقم کردی
واشنگٹن (آن لائن‘مانیٹرنگ ڈیسک) امریککہ کے وسط مدتی انتخابات کے نتائج میں ڈیموکریٹس نے امریکی کانگریس کے دونوں ایوانوں میں اکثریت حاصل کرلی اور ٹرمپ کی پارٹی ریپبلکنز کے امیدواروں کو مختلف نشستوں پر شکست کا سامنا کرنا پڑا ‘ ڈیموکریٹس نے ایوان نمائندگان اورسینیٹ میں مطلوبہ اکثریت حاصل کرلی ہے۔ نتائج کے مطابق ایوان نمائندگان میں ڈیموکریٹس کے 224 اور ریپبلکن کے 129 ارکان کو برتری حاصل ہے، 435 رکنی ایوان نمائندگان کا کنٹرول سنبھالنے کیلئے کسی بھی جماعت کو 218 نشستوں پر کامیابی درکار تھی جو ڈیموکریٹس نے حاصل کرلی۔امریکی سینیٹ کے ابتدائی نتائج کے مطابق سینیٹ میں ڈیموکریٹس کی 19 نشستوں پر برتری کے بعد تعداد 53 ہوگئی جب کہ ریپبلکنز کو 11 نشستوں پر برتری حاصل ہوئی جس کے بعد سینیٹ میں ریپبلکنز ارکان کی تعداد 42 ہوگئی۔امریکی سینیٹ میں سادہ اکثریت کیلئے 100میں سے 51 نشستیں درکار ہیں۔صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے الیکشن کے نتائج کو مکمل طور پر قبول کرنے کا اعلان کرتے ہوئے مخالف جماعت ڈیموکریٹس کے ساتھ مل کر کام کرنے کی آمادگی ظاہر کی اور کہا ہے کہایران جنگ اور مہنگائی ریپبلکنز کی شکست کی وجہ بنی، اگر میں امیدوار ہوتا تو میری جماعت کو زبردست فتح ملتی ، دوسری جانب ریپبلکن پارٹی نے تاریخی انتخابی شکست کا ذمہ دار صدر ٹرمپ کو ٹھہرایا ہے‘انتخابات میں بین الاقوامی خلائی اسٹیشن (آئی ایس ایس) میں موجود تین امریکی خلا بازوں نے بھی زمین سے سینکڑوں میل بلندی پر خلا سے اپنا ووٹ کاسٹ کردیا۔ناسا کے خلا باز انیل مینن نے امریکی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک ویڈیو شیئر کی، جس میں انہوں نے بتایا کہ وہ اور ان کے ساتھی امریکی خلا بازوں کو بھی مدار میں رہتے ہوئے انتخابات میں ووٹ ڈالنے کا موقع ملا۔انیل مینن نے ویڈیو میں خلائی اسٹیشن کے اندر اپنے رہائشی حصے کے ایک چھوٹے سے مقام کو دکھاتے ہوئے کہا کہ جی ہاں، آپ خلا میں رہتے ہوئے بھی ووٹ ڈال سکتے ہیں‘ انتخابات میں سابق سینیٹر لنزے گراہم کی بہن کو شکست ہو گئی۔امریکی میڈیا کے مطابق سائوتھ کیرولائنا میں ڈیموکریٹ امیدوار اینی اینڈریوز نے تاریخی کامیابی حاصل کر لی۔غزہ میں زخمی فلسطینیوں کاعلاج کرنے والے مصری نژاد امریکی ڈاکٹر آدم حموی نیو جرسی سے رکنِ کانگریس منتخب ہو گئے‘میں مشی گن سے ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار عبدل السید کامیاب ہوگئے۔ امریکی میڈیا کے مطابق مشی گن میں ڈیموکریٹ عبدل السید نے سینیٹ کی نشست پر مائک راجرز کو شکست دیدی ۔ا انتخابات میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد عبدل السید نے کہا کہ انتخابی مہم میں میرے عقیدے اور میرے نام کو نشانہ بنایا گیا مگر میں نے ٹرمپ کے الزامات کے باوجود جہدوجہد جاری رکھی۔عبدل السید کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہمیں ہرانے کے لیے انتخابی مہم میں خطیر رقم خرچ کی، میرے نام کو متنازع بنانے کی کوشش کی گئی‘ ریپبلکن سے تعلق رکھنے والے رکنِ کانگریس بائرن ڈونلڈز فلوریڈا کے گورنر منتخب ہو گئے، وہ ریاست کی تاریخ کے پہلے سیاہ فام گورنر بن گئے۔امریکی ریاست نیویارک کے آٹھویں کانگریشنل ڈسٹرکٹ سے ڈیموکریٹ رہنما حکیم جیفریز نے کامیابی حاصل کر لی۔امریکی خبر رساںادارے کے مرتب کردہ ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق حکیم جیفریز نے 79.2 فیصد ووٹ حاصل کر کے ریپبلکن حریف لیوس مزراہی کو شکست دی‘امریکا کی ریاست ٹیکساس میں لاطینو ڈیموکریٹک پارٹی کی امیدوار جینا ہینو ہوزا گورنر کا انتخاب جیت گئیں۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق ریاست ٹیکساس میں 30 سال بعد ڈیموکریٹس کی حکومت پھر سے آ گئی‘الہان عمر سمیت 4 مسلمان امیدوار امریکی کانگریس کی رکن منتخب ہوگئے۔کیتھولگ عیسائیوں کے مذہبی پیشوا پوپ لیو نے امریکی مڈٹرم انتخابات میں ڈاک کے ذریعے اپنا ووٹ ڈال کر تاریخ رقم کردی، وہ امریکی انتخابی عمل میں ووٹ ڈالنے والے پہلے پوپ بن گئے ہیں اور ممکنہ طور پر جمہوری و سیکولر انتخابات میں ووٹ ڈالنے والے تاریخ کے پہلے پوپ بھی ہیں‘ متعدد پاکستانی امریکن امیدوار بھی ریاستی انتخابات میں کامیاب ہوئے۔ غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق پنسلوانیا کی ریاستی اسمبلی سے پاکستانی امریکن اور ڈیموکریٹ مریم صبیح سینیٹ ڈسٹرکٹ 2 سے رکن منتخب ہوئیں جب کہ سعود انور کنیکٹیکٹ کے ریاستی سینیٹ ڈسٹرکٹ 3 سے دوبارہ منتخب ہوگئے۔ٹیکساس میں پاکستانی نژاد سلمان بھوجانی ریاستی اسمبلی کے رکن دوبارہ منتخب ہوگئے اور انہوں نے ٹیکساس کے ڈسٹرکٹ 92 میں 67 فیصد ووٹ حاصل کیے۔رپورٹ کے مطابق پاکستانی امریکن سلیمان لالانی ٹیکساس کے ڈسٹرکٹ 76 سے دوبارہ منتخب ہوگئے، انہوں نے ٹیکساس کے ریاستی اسمبلی انتخابات میں 67 فیصد ووٹ لیے۔اس کے علاوہ جارجیا ڈسٹرکٹ 105 میں پاکستانی امریکن فاروق مغل 60.8 فیصد ووٹ حاصل کرکے ریاستی اسمبلی کی نشست جیت گئے۔