’پائریٹس آف دی کیریبین 6‘ میں جانی ڈیپ کی واپسی سے متعلق خبر

’پائریٹس آف دی کیریبین 6‘ میں جانی ڈیپ کی واپسی سے متعلق خبر

ہالی ووڈ: دنیا بھر میں مقبول فلم سیریز ’پائریٹس آف دی کیریبین‘ کے مداحوں کے لیے خوشخبری سامنے آگئی، معروف اداکار جانی ڈیپ نے ایک بار پھر مشہور کردار جیک اسپیرو کے روپ میں واپسی پر غور کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق جانی ڈیپ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا ہے کہ اگر فلم کی کہانی اور اختتام ان کی توقعات کے مطابق ہوئے تو وہ ایک مرتبہ پھر جیک اسپیرو کا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہوسکتے ہیں۔ ان کے اس بیان کے بعد فلم سیریز کے مداحوں میں نئی امید پیدا ہوگئی ہے۔اداکار کا کہنا ہے کہ وہ فلم کو ایک بہتر اور یادگار اختتام دینے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے فلم کے معروف پروڈیوسر جیری بروکھائمر کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کی خواہش بھی ظاہر کی ہے۔دوسری جانب پروڈیوسر جیری بروکھائمر پہلے ہی تصدیق کر چکے ہیں کہ جانی ڈیپ کے ساتھ بات چیت جاری ہے اور فلم کے نئے حصے کے اسکرپٹ پر کام کیا جا رہا ہے۔ تاہم ابھی تک یہ واضح نہیں کیا گیا کہ جانی ڈیپ باضابطہ طور پر فلم میں واپسی کے لیے معاہدہ کرچکے ہیں یا نہیں۔

جانی ڈیپ کی واپسی کیوں اہم ہے؟

جانی ڈیپ نے ’پائریٹس آف دی کیریبین‘ فلم سیریز میں کیپٹن جیک اسپیرو کا کردار ادا کرکے عالمی شہرت حاصل کی تھی۔ ان کا منفرد انداز، مزاحیہ مکالمے اور کردار کی دلچسپ ادائیگی اس فلم سیریز کی مقبولیت کی اہم وجوہات میں شامل رہے ہیں۔اداکار کی سابق اہلیہ ایمبر ہرڈ کے ساتھ قانونی تنازع کے بعد ان کی ہالی ووڈ میں واپسی اور خصوصاً اس فلم سیریز میں دوبارہ کام کرنے کے امکانات غیر یقینی ہوگئے تھے۔ جانی ڈیپ ماضی میں اس کردار میں واپسی سے انکار بھی کر چکے تھے۔تاہم ان کے حالیہ بیان نے صورتحال میں ممکنہ تبدیلی کا اشارہ دیا ہے۔ مداح اب یہ جاننے کے منتظر ہیں کہ آیا جانی ڈیپ ایک بار پھر اپنے مشہور کردار میں نظر آئیں گے یا نہیں۔

فلم کی ریلیز اور کاسٹ سے متعلق اعلان باقی

فلم کے نئے حصے کی تیاری اور اسکرپٹ پر کام کی اطلاعات کے باوجود اس کی مکمل کاسٹ، شوٹنگ کے آغاز اور ریلیز کی تاریخ کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔