مستحق خاندانوں کو اجتماعی شادیوں کے ذریعے زندگی کے نئے سفر کا تحفہ دیا ، بلال اظہر کیانی
کالا گجراں میں گزشتہ سال یہی جگہ کوڑے کا ڈھیر تھا جسے ہم نے خوبصورت پارک میں بدلا:وزیر مملکت
جہلم(آن لائن)وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی نے کالا گجراں کے نو تعمیر شدہ پارک میں اجتماعی شادیوں کی تقریب میں شرکت کی اور نوبیاہتا جوڑوں کو فردا فردا زندگی کا نیا سفر شروع کرنے پر مبارک دی ۔تقریب میں 20 جوڑوں کی شادیاں ہوئیں۔تقریب میں دولہوں اور دلہنوں کے والدین، عزیز و اقارب کے علاوہ ضلعی انتظامیہ کے افسران نے بھی شرکت کی ۔ بلال اظہر کیانی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مستحق خاندانوں کو اجتماعی شادیوں کے ذریعے زندگی کے نئے سفر کا تحفہ دیا ہے،والدین کے لیے اپنی بچیوں کی شادی ایک بڑا مسئلہ بن چکا ہے، اجتماعی شادیوں کا سلسلہ مستقبل میں بھی جاری رکھیں گے، کالا گجراں میں گزشتہ سال پہلے یہی جگہ کوڑے کا ڈھیر تھا جسے ہم نے خوبصورت پارک میں بدلا اور آج یہ نیک کام اسی پارک میں ہو رہا ہے،تقریب میں شریک نوبیاہتا جوڑوں اور ان کے عزیز و اقارب نے وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کی سماجی بہتری اور عوامی فلاح کی کاوشوں کو سراہا