اسلام آباد ( آن لائن)اسلام آباد ہائیکورٹ میں عدالت کے روکنے کے باوجود سی ڈی اے کے آبپارہ فلیٹس خالی کرانے کے معاملے کا ڈراپ سین ہو گیا۔عدالت نے درخواست واپس لینے کی بنا پر کیس نمٹادیا۔درخواست گزار پولیس اہلکاروں نے چیئرمین سی ڈی اے کے خلاف درخواست واپس لے لی۔ عدالت نے عدالتی حکم کے باوجود سی ڈی اے آپریشن پر چیئرمین سی ڈی اے کو طلب کر رکھا تھا، چیئرمین سی ڈی اے عدالتی حکم پر عدالت میں پیش ہوئے۔دوران سماعت جسٹس اعظم خان نے درخواست گزار سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ کیا آپ پر کوئی پریشر ہے جو آپ درخواست واپس لے رہے ہیں۔ جس پر درخواست گزار نے کہا کہ نہیں ہم پر کوئی پریشر نہیں ہم درخواست واپس لینا چاہتے ہیں۔عدالت نے درخواست واپس لینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس نمٹا دیا۔