لاہور قلندرز کی بنگلادیش پریمیئر لیگ میں شمولیت میں دلچسپی

لاہور(سپورٹس ڈیسک )لاہور قلندرز کے چیف آپریٹنگ آفیسر ثمین رانا نے بنگلادیش پریمیئر لیگ میں مستقبل میں سرمایہ کاری اور فرنچائز کے طور پر شمولیت میں دلچسپی ظاہر کر دی۔بنگلادیش کرکٹ بورڈ نے مالی بے ضابطگیوں کے معاملات کا جائزہ لینے کے لیے آئندہ ایڈیشن کو ملتوی کر دیا ہے، صدر کرکٹ بورڈ تمیم اقبال بھی مختلف مواقع پر عندیہ دے چکے کہ مقررہ ضابطوں اور شرائط پر پورا اترنے والی غیر ملکی فرنچائزز کو لیگ میں شامل ہونے کا موقع دیا جا سکتا ہے۔ثمین رانا ہفتے کو شیخ زاید اسٹیڈیم ابوظبی میں بنگلادیش اور زمبابوے کے درمیان ٹرائنگولر سیریز کا میچ دیکھنے کے لیے آئے، انہوں نے وہاں تمیم اقبال کے ساتھ خاصا وقت گزارا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ثمین رانا نے بنگلادیش کرکٹ سے اپنی وابستگی اور بی پی ایل میں شمولیت کی خواہش کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ بنگلادیش میرے دل کے بہت قریب ہے، میں طویل عرصے سے کسی نہ کسی حیثیت میں بنگلادیش کرکٹ کے ساتھ کام کرنے کا موقع تلاش کر رہا ہوں، اگر مستقبل میں کوئی مناسب موقع سامنے آیا تو قلندرز بی پی ایل کا حصہ بننے پر ضرور غور کریں گے۔انہوں نے کہا کہ بنگلادیش اور پاکستان میں کرکٹ کے لیے موجود غیر معمولی جذبے کو دیکھتے ہوئے اس لیگ کو مشکلات سے نکالنے کے لیے مل کر کام کرنے کے مواقع تلاش کیے جا سکتے ہیں۔ اگر ایسا کوئی راستہ نکلتا ہے جس سے تمام فریقوں کو فائدہ ہو تو ہم اس میں بھرپور دلچسپی لیں گے۔