ننکانہ :خاتون پراسرار طور پر لاپتہ ، دوسری گن پوائنٹ پر اغوا

 ننکانہ صاحب (خصوصی رپورٹ)ننکانہ صاحب میں ایک خاتون پراسرار طور پر لاپتہ جبکہ دوسری کو مبینہ طور پر دارالامان کے قریب اسلحے کے زور پر اغوا کر لیا گیا۔ محلہ کیارہ صاحب کے رہائشی محمد رفیق نے پولیس کو بتایا کہ اس کی بیوی مہناز اختر گزشتہ ایک ماہ سے لاپتہ ہے۔ مدعی کے مطابق گھر میں کوئی تنازع نہیں تھا، تاہم بیوی کا موبائل فون بند ہے اور رشتہ داروں سمیت ممکنہ مقامات پر تلاش کے باوجود اس کا سراغ نہیں مل سکا۔ خدشہ ہے کسی نامعلوم شخص نے اس کی بیوی کو ورغلا لیا، جبکہ اس کے بینک اکا ئونٹ میں موجود تقریباً 50 لاکھ روپے اور چیک بک کے غلط استعمال کا بھی اندیشہ ہے۔منڈی فیض آباد کے رہائشی محسن نے پولیس کو بتایا کہ اس نے ثوبیہ سے پسند کی شادی کی تھی۔ اس کے مطابق عدالت میں پیشی کے بعد جب وہ اپنی بیوی کو دارالامان سے لے کر جا رہا تھا تو عابد، انتظار، شہباز، محبوب عالم اور نسرین بی بی نے کار اور موٹر سائیکلوں پر ان کا تعاقب کیا۔ مدعی کے الزام کے مطابق دارالامان کے قریب ملزمان نے اسلحے کے زور پر جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں اور اس کی بیوی کو زبردستی گاڑی میں بٹھا کر فرار ہو گئے۔پولیس تھانہ سٹی ننکانہ صاحب نے دونوں واقعات کے مقدمات درج کرلئے۔