حنا جاوید کے ورثا کا تیسری بار پولیس تحقیقات پر عدم اعتماد

راولپنڈی (آئی این پی ) راولپنڈی میں حنا جاوید قتل کیس میں پیشرفت کے دوران مقتولہ کے ورثا نے مسلسل تیسری بار بھی پولیس کی تحقیقات پر شدید عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کیس کی دوبارہ تحقیقات سے متعلق پولیس فیصلے کو یکسر مسترد کر دیا۔مقتولہ کے بھائی فہد جاوید نے وزارتِ داخلہ کی قائمہ کمیٹی کو باضابطہ خط ارسال کر دیا، جس میں ورثا کی جانب سے کیس کی شفاف تحقیقات کے لئے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کا مطالبہ ایک بار پھر دہرایا گیا ہے۔وزارتِ داخلہ نے کیس کی تحقیقات دوسرے اضلاع میں منتقل کرنے کی تجویز دی تھی، جس کے بعد ایس ایس پی انویسٹی گیشن سیف اللہ نے مقتولہ کے خاندان سے رابطہ کر کے انہیں دوبارہ تحقیقات کے لیے رسمی درخواست دینے کا کہا تھا۔تاہم ورثا اپنے پرانے موقف پر قائم ہیں اور صرف جوڈیشل کمیشن کے قائم ہونے تک مطمئن ہونے سے انکار کر دیا ہے۔قانون کے مطابق کیس کی تحقیقات کو صرف ایک یا دو بار ہی تبدیل کیا جا سکتا ہے، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ بار بار عدم اعتماد اور انویسٹی گیشن ٹیموں کی تبدیلی سے قانونی ٹیموں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ورثا کی جانب سے روزانہ کی بنیاد پر سامنے آنے والے نئے مطالبات اور عدم اعتماد کے باعث اعلی سطحی لیگل ٹیم نے آپس میں مشاورت شروع کر دی ہے تاکہ قانونی اور انتظامی حل نکالا جا سکے۔