اسلام آباد(آئی این پی )سپریم کورٹ نے جمشید دستی کی جعلی ڈگری کے معاملے میں فوجداری کارروائی کیس میں ان کی ضمانت میں 16 نومبر تک توسیع کردی۔ سپریم کورٹ نے 3 رکنی بینچ کی تشکیل کیلئے معاملہ چیف جسٹس کو بھجوادیا۔ جسٹس شہزاد احمد ملک اور جسٹس شکیل احمد پر مشتمل دو رکنی بنچ نے سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس ملک شہزاد نے ریمارکس دیئے کہ ہائیکورٹ کے ڈویژنل بینچ کا فیصلہ ہے اس کو تین رکنی بینچ سن سکتا ہے۔وکیل دل محمد علیزئی نے کہا کہ ہائیکورٹ کا فائنل آڈر نہیں آیا ہائیکورٹ کا عبوری حکمنامہ ہے، جسٹس ملک شہزاد نے کہا کہ آپ کے مطابق اگر عبوری حکمنامہ ہے تو آپ کو ہائیکورٹ ہی جانا ہو گا، ہائیکورٹ نے آپ کی درخواست کو مسترد کر دیا ہے۔آئی جی پنجاب، اسلام آباد، سندھ اور خیبر پختونخوا کی جانب سے جمشید دستی کے خلاف کیسز کی رپورٹ جمع کروادی گئی۔ ایڈیشنل اٹارنی جنرل راجہ شفقت نے کہا کہ آئی جی پنجاب کی جانب سے جمع رپورٹ کے مطابق جمشید دستی کیخلاف 6 مقدمات درج ہیں، اسلام میں 4 مقدمات درج ہیں، سندھ اور خیبر پختونخوا میں کوئی مقدمہ ریکارڈ پر نہیں۔ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل بلوچستان کی جانب سے مقدمات کا ریکارڈ جمع کروانے کیلئے مہلت مانگ لی، آئندہ سماعت سے قبل رپورٹ جمع کروانے کی ہدایت کی گئی۔