اجلاس میں کھاد کے کارخانوں کو گیس فراہمی جاری رکھنے، قریبی دیہات کو گیس کی فراہمی اور سمارٹ گلاسز کی درآمد پر پابندی کا فیصلہ
اسلام آباد(آن لائن) وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس منعقد ہوا جس میں 11 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا گیا اور مختلف اہم مالی، ترقیاتی، دفاعی اور توانائی سے متعلق اقدامات کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں دفاعی منصوبوں کے لیے 54 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کی گئی جبکہ لینئج ایل 1000 طیارے کی شمولیت کے لیے ایک ارب 9 کروڑ 40 لاکھ روپے کی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ای سی سی نے پروجیکٹ استقلال کے لیے 29 ارب 13 کروڑ 90 لاکھ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کر لی۔ اس کے علاوہ فرنٹیئر کور بلوچستان نارتھ کے ہیلی کاپٹر کی مرمت کے لیے 37 لاکھ 10 ہزار روپے کی گرانٹ کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگریکلچر لون اسکیم کے تحت قرضوں کے مختلف درجوں اور شرح سود میں تبدیلی کی منظوری دی گئی جس کا مقصد اسکیم کے مالیاتی ڈھانچے میں ضروری ترامیم کرنا ہے۔آبی شعبے کے حوالے سے بھی اہم فیصلہ کیا گیا اور مختلف اہم منصوبوں کے لیے 275 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ منظور کر لی گئی۔اجلاس میں کیمرہ نصب اسمارٹ گلاسز کی درآمد پر پابندی عائد کرنے کی منظوری بھی دی گئی۔اجلاس میں گیس پیداواری فیلڈز کے پانچ کلومیٹر کے اندر واقع دیہات کو گیس فراہم کرنے کے لیے ایک ارب روپے کی گرانٹ بھی منظور کی گئی