قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری پشاور سے گرفتار

 لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور انویسٹی گیشن پولیس نے قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری مجرم کو پشاور سے گرفتار کر لیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن سید ذیشان رضا نے اشتہاری کی گرفتاری کے لیے خصوصی ٹاسک دیا تھا، جس پر انچارج انویسٹی گیشن تھانہ شفیق آباد حسن زاہد نے پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے ملزم کو گرفتار کیا۔ انچارج انویسٹی گیشن کے مطابق گرفتار ملزم نے دیرینہ لڑائی جھگڑے کی بنا پر شہری سمیع اللہ پر فائرنگ کرکے اسے شدید زخمی کر دیا تھا، جو ہسپتال میں دوران علاج دم توڑ گیا تھا۔ ایس پی انویسٹی گیشن سٹی فرحت عباس کے مطابق ملزم کو پیشہ ورانہ مہارت اور جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے گرفتار کیا گیا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن نے کہا ہے کہ پولیس پراسیکیوشن پارٹنرشپ کے ذریعے ملزم کو قرار واقعی سزا دلوائی جائے گی۔ انہوں نے پولیس ٹیم کے لیے تعریفی اسناد اور نقد انعام دینے کا اعلان بھی کیا۔