پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے 180 ارب میں ملکیت لی‘55ارب حکومت کو حاصل ہوں گے
ملکیت ضرور تبدیل ہوئی ہے لیکن پاکستان کی خدمت کا جذبہ پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہے:چیئر مین
پی آئی اے نجکاری کا مرحلہ مکمل ہونے پر شہباز شریف کا اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور معاشی ٹیم کو خراج تحسین
اسلام آباد (آئی این پی )پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے)کی نجکاری کا عمل کامیابی کے ساتھ مکمل ہونے کے بعد ادارے کی ملکیت باضابطہ طور پر نئے مالکان کو منتقل کر دی گئی۔ عارف حبیب کنسورشیم کے ضمنی ادارے پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے انتظامیہ سنبھال لی۔پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے 180 ارب روپے میں ملکیت حاصل کر لی جس میں 55 ارب حکومت پاکستان کو حاصل ہوں گے جبکہ 125 ارب پی آئی اے میں سرمایہ کاری کی جائے گی۔نئی سرمایہ کاری،آپریشنل اصلاحات، بیڑے کی جدت، نئے روٹس کے آغاز، ادارے کو ڈیجیٹل خطوط پر استوار کرنے اور پراڈکٹ کے معیار کو بہتر بنانے پر خرچ ہوگی۔ چیئر مین پی آئی اے ایکویٹی لمیٹڈ نے کہا کہ نئی انتظامیہ ذمہ داریاں سنبھال رہی ہے تو ہم بخوبی ادراک رکھتے ہیں کہ قوم کا اعتماد محض دستاویزات کی منتقلی سے حاصل نہیں ہوگا۔انہوں نے کہا کہ یہ اعتماد ہر میل، ہر مسکراہٹ اور ہر سال کے ساتھ حاصل کیا جائے گا، ہمیں اس حقیقت کا مکمل ادراک ہے اور ہم اس ذمہ داری کو قبول کرتے ہیں۔ ملکیت ضرور تبدیل ہوئی ہے لیکن پاکستان کی خدمت کا ہمارا جذبہ پہلے سے کہیں زیادہ مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پی آئی اے کے درخشاں ورثے کا احترام کرتے ہوئے اسے ایک جدید عالمی معیار کی ایئرلائن بنائیں گے۔دریں اثناء پی آئی اے نجکاری کا نیا مرحلہ مکمل ہونے پر شہباز شریف نے اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور معاشی ٹیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے