زلزلہ کی شدت 5.1 اور مرکز تاجکستان کا علاقہ گرم چشمہ تھا، خوف وہراس پھیل گیا
پشاور،کراچی(آئی این پی )خیبر پختونخوا،سندھ اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے تاہم کسی جانی ومالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔خیبرپختونخوا میں پاراچنار، لوئر دیر، مالاکنڈ، شبقدر ، سوات، مانسہرہ اورگردونواح میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ۔ گلگت بلتستان میں دیامر، چلاس شہر اورگردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ کی شدت 5.1 اور مرکز تاجکستان کا علاقہ گرم چشمہ تھا۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلیکی گہرائی 112کلومیٹر تھی۔دوسری جانب سندھ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، زلزلے کی شدت ریکٹر سکیل پر 4.4 ریکارڈ کی گئی۔زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلہ صبح 10 بج کر 46 منٹ پر آیا، جس کی گہرائی 16 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی، زلزلے کا مرکز سیہون سے 61 کلومیٹر جنوب مغرب میں تھا، اسکا محل وقوع 25.97 ڈگری شمالی عرض البلد اور 67.52 ڈگری مشرقی طول البلد ریکارڈ کیا گیا۔زلزلے کے بعد لوگوں میں خوف وہراس پھیل گیا، تاہم زلزلے کے باعث کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے ۔