وزیراعلیٰ سندھ کی کراچی اور شنگھائی کو سسٹر سٹی قرار دینے کی تجویز

 مراد علی شاہ کی شنگھائی کے میئر سے ملاقات ،مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق  
شنگھائی (آئی این پی ) وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے کراچی اور شنگھائی کے درمیان سسٹر سٹی تعلق کی تجویز دیتے ہوئے کہا شنگھائی اسمارٹ سٹی منصوبہ بندی میں کراچی کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کرے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے شنگھائی کے میئر سے ملاقات کی ، جس میں کراچی اور شنگھائی کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔وزیراعلی سندھ نے کراچی اور شنگھائی کے درمیان "سسٹر سٹی شراکت داری قائم کرنے کی تجویز دی تاکہ دونوں تجارتی مراکزمیں شہری منصوبہ بندی، عوامی ٹرانسپورٹ اور اسمارٹ سٹی منصوبوں کا تبادلہ ہو سکے۔ملاقات میں وزیراعلی سندھ کے ساتھ شرجیل انعام میمن، جام خان شورو، محمد بخش مہر اور مرتضی وہاب بھی موجود تھے۔مراد علی شاہ نے شہری منصوبہ بندی، ٹرانسپورٹ، ٹیکنالوجی اور انفرااسٹرکچر کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کراچی میں کراچی سرکلر ریلوے (کے سی آر) میت ٹیکنالوجی اور آئی ٹی کے اہم منصوبوں پر کام جاری ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شنگھائی اسمارٹ سٹی منصوبہ بندی میں کراچی کے ساتھ اپنا تجربہ شیئر کرے، عوامی ٹرانسپورٹ اور ڈیجیٹل خدمات کو بہتر بنانے کے لیے شنگھائی کے تجربات سے استفادہ کرنا چاہتے ہیں، ٹیکنالوجی کا استعمال شہری خدمات کو بہتر بنانے اور شہروں کو زیادہ موثر بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔شنگھائی کے میئر ژو ژونگ منگ نے کراچی اور شنگھائی کے درمیان مجوزہ تعاون اور شراکت داری کی تجویز کو سراہا اور خوش آمدید کہا۔ مراد علی شاہ نے شنگھائی کے میئر سے ملاقات کی ، جس میں کراچی اور شنگھائی کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔