امریکہ اپنے فریبی اقدامات روکے اور اپنے آلہ کاروں پربھروسہ کرنا چھوڑ دے
حکومت کے حق میں مظاہرے تاریخی ہیں، ایرانی قوم مضبوط،طاقتور، باخبر ہے:سوشل میڈیا پر پیغام
تہران(آئی این پی )ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے حکومت کے حق میں مظاہروں پر قوم کوخراج تحسین پیش پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایرانی قوم نے دشمنوں کی سازشوں کو خاک میں ملا دیا، حکومت کے حق میں مظاہرے تاریخی ہیں۔سپریم لیڈر نے سوشل میڈیا پر جاری پیغام میں کہا کہ عظیم ایرانی قوم نے ایک تاریخی دن رقم کیا، آج کی عظیم ریلیوں نے غیر ملکی دشمنوں کی سازشوں کوخاک میں ملادیا۔آیت اللہ خامنہ نے لکھا کہ غیر ملکی دشمنوں کی سازشوں پر اندرونی کرائے کے ایجنٹوں سے عمل کراویا جانا تھا لیکن عظیم ایرانی قوم نے دشمنوں کے مقابلے اپنے عزم اور اپنی شناخت کا بھر پور اظہار کیا۔ آج کے مظاہرے امریکی سیاست دانوں کوخبردارکرنے کیلئے تھے۔ خامنہ ای کا کہناتھا کہ امریکا اپنے فریبی اقدامات روکے اور اپنے آلہ کاروں پربھروسہ کرنا چھوڑ دے، ایرانی قوم مضبوط،طاقتور، باخبر ہے، دشمن کوپہچانتی ہے اور ایران قوم دشمن کیخلاف ہمیشہ میدان میں موجود رہتی ہے۔