(اسرائیلی الیکشن کے سرکاری نتائج)ٹرمپ کا یار نیتن یاہو بھی ہار گیا‘ صرف53سیٹیں‘اپوزیشن اتحاد کو67مل گئیں

عرب جماعتوں کو 19نشستیں مل گئیں‘ کسی بھی کمیونٹی کو انتخابی تحقیقات کی آڑ میں نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے:اسرائیلی صدر
تل ابیب(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیل کی سینٹرل الیکشن کمیٹی نے انتخابات کے نتائج کا سرکاری طور پر اعلان کردیا، سرکاری نتائج میں نیتن یاہو اتحاد کو 53، نشستیں اور اپوزیشن جماعتوں کو 67 نشستیں ملنے کی تصدیق کی گئی، جبکہ 19 نشستیں عرب جماعتوں کو ملیں۔صدر اسحاق ہرزوگ نے صدارتی محل میں منعقدہ تقریب کے دوران مرکزی الیکشن کمیٹی کے سربراہ جسٹس نوعم سولبرگ سے انتخابات کے باضابطہ نتائج وصول کیے اور ان کی منظوری دی۔اسرائیلی صدر نے نتائج وصول کرنے کے بعد کہا کہ انتخابی نتائج پر شکوک و شبہات پیدا کرنا جمہوریت کے لیے حقیقی خطرہ ہے، اب وہ پارلیمنٹ کے کسی رکن کو حکومت بنانے کی کی ذمہ داری دینے پر مشاورت کریں گے۔انہوں نے 27 اکتوبر کے انتخابات کے بعد عرب برادری کے خلاف سامنے آنے والے نسل پرستانہ اور توہین آمیز بیانات کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے  کسی بھی کمیونٹی کو انتخابی تحقیقات کی آڑ میں نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔اسحاق ہرزوگ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں عرب برادری کے خلاف جو غیر مہذب اور نسل پرستانہ زبان استعمال کی گئی، وہ قابل مذمت ہے اور اسرائیل میں کسی بھی کمیونٹی کے لیے ایسی زبان کی کوئی گنجائش نہیں