لکی مروت میں پولیس سے جھڑپ، خودکش بمبار سمیت 2 خارجی دہشتگرد ہلاک

لکی مروت میں پولیس سے جھڑپ، خودکش بمبار سمیت 2 خارجی دہشتگرد ہلاک

لکی مروت کے علاقے گنڈی چوک میں پولیس کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں خودکش بمبار سمیت دو مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک زخمی ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔

 واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی اور فرار ہونے والے مشتبہ شخص کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔پولیس کے مطابق گنڈی چوک پر ایک مشکوک گاڑی کی موجودگی کی اطلاع موصول ہوئی تھی، جس پر پولیس اور امن کمیٹی کے اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے علاقے میں مشتبہ گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اہلکاروں کو دیکھتے ہی گاڑی میں سوار مشتبہ افراد نے فائرنگ شروع کردی، جس پر پولیس نے جوابی کارروائی کی۔ فائرنگ کے تبادلے میں خودکش بمبار سمیت دو مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے، جبکہ ایک مشتبہ شخص زخمی حالت میں موقع سے فرار ہوگیا۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی مزید نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا گیا۔

ذرائع کے مطابق مشتبہ افراد کی گاڑی سے اسلحہ، کالعدم تنظیم کے جھنڈے اور دیگر سامان بھی برآمد کیا گیا ہے۔ برآمد ہونے والے سامان کی نوعیت کے پیش نظر شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے کہ ملزمان کسی بڑی تخریبی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔ تاہم ان کے مبینہ منصوبے اور برآمد شدہ سامان کی مکمل تفصیلات تاحال سامنے نہیں آسکیں۔دوسری جانب واقعے کے بعد کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور پولیس کی بھاری نفری بھی موقع پر پہنچ گئی، جہاں شواہد اکٹھے کرنے اور فرار ہونے والے زخمی مشتبہ شخص کی تلاش کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

آئی جی خیبرپختونخوا کا پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین

انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے گنڈی چوک لکی مروت میں کامیاب کارروائی پر پولیس اہلکاروں کو خراج تحسین پیش کیا۔آئی جی پولیس کا کہنا تھا کہ پولیس کی بروقت کارروائی نے دہشت گردوں کے مبینہ مذموم عزائم کو ناکام بنا دیا۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے والے پولیس جوان قوم کے ہیروز ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور دہشت گردی کے خاتمے کے لیے پولیس کی جدوجہد جاری رہے گی اور آخری دہشت گرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔