معاملات آسانی اور تیزی سے طے ہوئے ‘ اللہ کی طرف سے ہونے والا فیصلہ سمجھ کر قبول کر لیا
کراچی (شوبز ڈیسک) اداکارہ و میزبان کرن خان نے معروف کاروباری شخصیت مرزا اشتیاق بیگ سے شادی کے فیصلے اور دولت کی خاطر شادی کرنے کے الزامات پر کھل کر بات کر ڈالی۔حال ہی میں کرن خان نے میزبان نادیہ خان کے مارننگ شو رائز اینڈ شائن میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنی ازدواجی زندگی سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے۔کرن خان نے بتایا کہ وہ ابتدا میں شادی کرنے کا ارادہ نہیں رکھتی تھیں، تاہم مرزا اشتیاق بیگ سے ان کی پہلے ہی جان پہچان تھی کیونکہ وہ ان کی فائونڈیشن کے ساتھ کام کر چکی تھیں۔اداکارہ کے مطابق دونوں کو زندگی میں ایک دوسرے کی ضرورت تھی لیکن ماضی کے تجربات کی وجہ سے وہ کسی نئے رشتے میں آنے سے ہچکچا رہے تھے۔ اب دونوں کو اس بات کا افسوس ہوتا ہے کہ وہ ایک دوسرے سے پہلے کیوں نہیں ملے۔کرن خان کا کہنا تھا کہ طویل عرصے تک تنہا رہنے کے بعد انہیں احساس ہوا کہ زندگی کی چھوٹی چھوٹی خوشیاں کسی کے ساتھ بانٹنا کتنا خوبصورت تجربہ ہے۔اداکارہ نے انکشاف کیا کہ مرزا اشتیاق بیگ نے انہیں پہلے شادی کی پیشکش کی، انہوں نے رشتے کو غیر ضروری طول دینے کے بجائے براہِ راست ان کے اہلِ خانہ سے ملاقات کی اور سنجیدگی سے شادی کی بات آگے بڑھائی۔کرن خان نے کہا کہ تمام معاملات اتنی آسانی اور تیزی سے طے ہوئے کہ انہوں نے اسے اللہ کی طرف سے ہونے والا فیصلہ سمجھ کر قبول کر لیا۔