عوام اپنی ذاتی اور تعلیمی معلومات کسی غیر متعلقہ شخص کے ساتھ شیئر نہ کریں:ایچ ای سی

 اسلام آباد(آئی این پی ) ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) نے تعلیمی دستاویزات کی تصدیق کے نام پر شہریوں کو دھوکا دینے والے جعلی ایجنٹس سے خبردار کرتے ہوئے عوام کو اپنی ذاتی اور تعلیمی معلومات کسی غیر متعلقہ شخص کے ساتھ شیئر نہ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ایچ ای سی کی جانب سے جاری کردہ عوامی انتباہ میں کہا گیا ہے کہ بعض افراد خود کو دستاویزات کی تصدیق کے لیے مجاز ایجنٹ ظاہر کرکے درخواست گزاروں کو کمیشن سے تعلیمی اسناد اور دیگر دستاویزات کی تصدیق کرانے میں مدد فراہم کرنے کی پیشکش کررہے ہیں۔کمیشن نے واضح کیا ہے کہ ایسے افراد کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات دھوکا دہی کا ذریعہ بن سکتی ہیں، لہذا شہری انتہائی محتاط رہیں اور اپنی ذاتی معلومات، تعلیمی کوائف اور دستاویزات غیر متعلقہ افراد کے حوالے کرنے سے گریز کریں۔