پشاور : تجاوزات آپریشن کیخلاف درخواستوں پر کارروائی روکنے کا حکم

تجاوزات کے خلاف آپریشن سے پہلے متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کیا جاتا ہے یا نہیں؟ ہائی کورٹ
پشاور(آئی این پی ) پشاور ہائیکورٹ نے تجاوزات آپریشن کے خلاف فیصل قریشی اور نعمان کی درخواستوں پر متعلقہ انتظامیہ کو درخواست گزاروں کے خلاف مزید کارروائی سے روک دیا۔جسٹس سید ارشد علی اور جسٹس محمد فہیم ولی نے درخواستوں پر سماعت کی، جس میں درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران سرکلر روڈ پر واقع ان کے موکل کی دکان مسمار کردی گئی، جبکہ کارروائی سے پہلے کوئی نوٹس بھی جاری نہیں کیا گیا تھا۔جسٹس سید ارشد علی نے سرکاری وکیل سے استفسار کیا کہ تجاوزات کے خلاف آپریشن سے پہلے متعلقہ افراد کو نوٹس جاری کیا جاتا ہے یا نہیں؟عدالت نے ریمارکس دئیے کہ بغیر نوٹس کسی کے خلاف کارروائی کیسے کی جاسکتی ہے۔ عدالت نے اس حوالے سے رپورٹ مرتب کرنے اور آئندہ سماعت پر متعلقہ افسران کو بھی پیش ہونے کی ہدایت کردی۔عدالت نے کہا کہ ان تمام کیسز کو ایک ساتھ سنا جائے گا ۔