عید کی آمد،وارداتیں بڑھ گئیں ، شہری لٹتے رہے

مناواں میں اہلخانہ کو یرغمال بنا کر لوٹ مار ،کاریں ، موٹرسائیکل چوری 
لاہور(کرائم رپورٹر)صوبائی دارالحکومت لاہور کے مختلف علاقوں میں ڈاکوئوں اور چوروں نے چوری و ڈکیتی کی وارداتوں میں متعدد شہریوں سے لاکھوں روپے مالیت کی نقدی،طلائی زیورات،موبائل فون،موٹر سائیکلیں،گاڑیاں اور دیگر سامان لوٹ لیا ہے۔ذرائع کے مطابق ڈاکوئوں نے مناواں کے علاقے میں زین کے گھر میں گھس کر اہلخانہ کو گن پوائنٹ پر یرغمال بناکر7 لاکھ روپے مالیت کی نقدی،طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، شاہدرہ کے علاقے میں کمال اور اس کی فیملی سے 4 لاکھ 12ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون، اسلام پورہ کے علاقے میں نادر سے 2لاکھ 90ہزار روپے اور موبائل فون،گرین ٹاؤن کے علاقے میں طاہر سے ایک ہزار روپے اور موبائل فون،غازی آباد کے علاقے میں خاور سے 91ہزار روپے اور موبائل فون،ماڈل ٹاؤن کے علاقے میں ادریس سے 84 ہزار روپے اور موبائل فون، نشتر کالونی کے علاقے میں سدھیر سے گن پوائنٹ پر 15 ہزار روپے اور موبائل فون لوٹ لیا اورفرار ہوگئے ہیں۔چوروں نے گارڈن ٹائون کے علاقے میں اسماعیل کے گھر کے تالے توڑ کر 2لاکھ 80ہزار مالیت کی نقدی اور گھریلو سامان چوری کرلیا ہے۔ جوہر ٹائون،مزنگ اور ڈیفنس سے کاریں اورلٹن روٍٍڈ ،کوٹ لکھپت،لیاقت آباد، قلعہ گجر سنگھ سے موٹرسائیکلیں چوری ہو گئیں۔