چین کے وزیر خارجہ وانگ ای کا دورہ پاک چین سٹریٹیجک تعاون کو مزید مضبوط بنائے گا
پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت پر چین کی حمایت کو سراہتا ہے :ترجمان کی ہفتہ وار بریفنگ
اسلام آ باد(آئی این پی )ترجمان دفتر خارجہ شفقت علی خان نے کہا ہے چین میں وزیر اعظم شہباز شریف اور نریندر مودی کے درمیان کوئی ملاقات طے نہیں ، پاک چین دوستی خطے میں امن، ترقی اور خوشحالی کی ضامن ہے،چینی وزیر خارجہ کے دورے میں پاکستان نے کشمیر میں بھارتی مظالم پر چین کو آگاہ کیا اور کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت پر چین کی حمایت کو سراہا ہے ،کابل سہ فریقی اجلاس میں سرحدی سلامتی اور دہشت گردی کے خطرات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔جمعہ کو ہفتہ وار میڈیا بریفنگ میں ترجمان شفقت علی خان نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار آج (ہفتہ کو )بنگلا دیش کے دورے پر روانہ ہوں گے۔ اس دورے کے مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ دہشت گردی کے خاتمے اور تجارت کو فروغ ملے گا۔انہوں نے کہا کہ چین کے وزیر خارجہ وانگ ای کا پاکستان کا 2 روزہ سرکاری دورہ کامیابی سے مکمل ہوا ۔ وانگ ای کی وزیراعظم شہباز شریف، اسحاق ڈار اور اعلی قیادت سے ملاقاتیں ہوئیں۔ اسلام آباد میں چھٹا پاک چین وزرائے خارجہ اسٹریٹیجک ڈائیلاگ منعقد ہوا ، جس میں سی پیک فیز ٹو سمیت تجارت، سرمایہ کاری اور توانائی تعاون پر اتفاق ہوا ۔ دونوں ممالک نے افغانستان، مشرق وسطی اور دہشت گردی پر تبادلہ خیال کیا