پاکستان تحریک انصاف کی رہنما شاندانہ گلزار نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کے خلاف منظم پروپیگنڈا کیا گیا اور انہیں جھوٹے الزامات کا نشانہ بنایا گیا، جن میں منشیات فروشی جیسے سنگین دعوے بھی شامل ہیں۔
پشاور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شاندانہ گلزار نے کہا کہ شدید مشکلات کے باوجود وزیراعلیٰ سہیل آفریدی صوبے کی حکومت کو بہتر انداز میں چلا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئینی ترامیم کے باوجود خیبر پختونخوا کو گیس اور بجلی کے بحران کا سامنا ہے، جو عوامی مسائل میں اضافہ کر رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی سابق حکومت کے دوران امن و امان کی صورتحال بہتر رہی اور اس عرصے میں کسی قسم کا ڈرون حملہ نہیں ہوا۔ ان کے مطابق ان کی جماعت آئین کی پاسداری کرتی ہے اور کسی بھی غیر آئینی اقدام کا حصہ نہیں بنے گی۔شاندانہ گلزار نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہدایت پر محمود اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں، جبکہ “تحریک تحفظ آئین پاکستان” اور پی ٹی آئی نے مشترکہ طور پر فیصلہ کیا ہے کہ ہر ہفتے احتجاج کیا جائے گا۔
انہوں نے اعلان کیا کہ آج شام پانچ بجے سے پرامن احتجاج کا آغاز کیا جا رہا ہے، جو صرف ایک مطالبے تک محدود نہیں ہوگا بلکہ عوامی مسائل کو بھی اجاگر کرے گا۔ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی اور ان کے حق میں احتجاجی تحریک جاری رہے گی، اور یہ تحریک مختلف سیاسی و سماجی مسائل پر آواز اٹھانے کے لیے مزید وسعت اختیار کرے گی۔