برطانوی محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران برطانیہ کے مختلف علاقوں میں شدید موسلادھار اور طوفانی بارشوں کا امکان ہے، جس سے سیلاب، بجلی کی بندش اور آمد و رفت میں شدید رکاوٹ کا خطرہ لاحق ہو گیا ہے۔
اتوار کے روز محکمہ موسمیات نے ناردرن آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، شمالی اور جنوب مغربی انگلینڈ کے لیے پیلا موسمی انتباہ (Yellow Weather Warning) جاری کیا، جو اتوار کی رات 10 بجے تک نافذ العمل رہے گا، جبکہ پیر کے روز مزید علاقوں کو اس وارننگ میں شامل کر لیا جائے گا۔ناردرن آئرلینڈ کے مشرقی علاقوں میں اتوار شام 6 بجے سے پیر شام 6 بجے تک 24 گھنٹوں کے لیے خصوصی الرٹ جاری کیا گیا ہے، جہاں 50 سے 75 ملی میٹر تک بارش متوقع ہے — جو کہ جولائی کے مہینے میں معمول کی نصف ماہانہ مقدار سے بھی زیادہ ہے۔ ماہرِ موسمیات سائمن پارٹریج نے خبردار کیا ہے کہ سب سے شدید اثرات اسی علاقے میں دیکھنے کو مل سکتے ہیں۔
پیر کے روز انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ کے متعدد حصوں میں بھی دو گھنٹوں کے اندر 20 سے 40 ملی میٹر تک بارش ہو سکتی ہے، جس سے شہری معمولات زندگی متاثر ہوں گے۔پیر صبح 3 بجے سے رات 9 بجے تک جنوبی و مشرقی انگلینڈ میں وارننگ الرٹ فعال رہے گا، جو دوپہر 11 بجے کے بعد مڈلینڈز، شمالی انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ تک پھیل جائے گا۔
فی الحال اسکاٹ لینڈ میں 10 سے زائد سیلابی وارننگز فعال ہیں۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شدید بارشوں کے نتیجے میں:
ٹرین و بس سروسز میں تاخیر یا منسوخی،
بجلی کی بندش،
اور گہرے پانی کی موجودگی شہریوں کے لیے خطرہ بن سکتی ہے۔
یہ صورتحال اس وقت پیدا ہو رہی ہے جب ملک حال ہی میں تیسرے ہیٹ ویو کا سامنا کر چکا ہے، جس کے باعث انگلینڈ کے چار علاقے خشک سالی کا شکار ہو چکے ہیں اور ہوز پائپ پر پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔ خشک زمین بارش کو جذب کرنے سے قاصر ہے، جس کی وجہ سے سیلاب کے خطرات میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔