پنجاب میں موسم کی آنکھ مچولی جاری، مختلف اضلاع میں بارش کا امکان

پنجاب میں موسم کی آنکھ مچولی جاری، مختلف اضلاع میں بارش کا امکان

لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں گرد آلود ہواؤں اور بارش برسانے والا موسمی سسٹم فعال ہے، جس کے زیر اثر 20 جون تک کہیں ہلکی اور کہیں تیز بارشوں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق لاہور میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ 39 ڈگری تک جانے کا امکان ہے، اور آئندہ دنوں میں بادل اور سورج کے درمیان وقفے وقفے سے موسمی تبدیلیاں جاری رہیں گی۔دوسری جانب پی ڈی ایم اے پنجاب نے آندھی، بارش اور ژالہ باری کے حوالے سے الرٹ جاری کر رکھا ہے۔ ترجمان کے مطابق راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، لاہور، فیصل آباد سمیت صوبے کے متعدد اضلاع میں بارش کا امکان موجود ہے۔محکمے نے خبردار کیا ہے کہ راولپنڈی، گجرانوالہ، سیالکوٹ، لاہور اور فیصل آباد میں اربن فلڈنگ کا خطرہ بھی موجود ہے۔

ڈی جی پی ڈی ایم اے عمر جاوید نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آسمانی بجلی اور گرج چمک کے دوران محفوظ مقامات پر رہیں اور کھلے علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔ انہوں نے کسانوں اور سیاحوں کو بھی موسمی صورتحال کے مطابق احتیاط برتنے کی ہدایت دی ہے۔ایمرجنسی صورتحال میں شہریوں کو پی ڈی ایم اے ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کرنے کا کہا گیا ہے۔