وکٹیں اچھی ہیں، اچھا کمبینیشن بنے گا؛ ورلڈ کپ جیتنا ہمارا ہدف ہے: فخر زمان

 فرسٹ کلاس کرکٹ کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر سخت مقابلوں کے لئے تیار کرتی ہے
پوری کوشش ہے اس بار ٹرافی جیتیں، اس مقصد کیلئے تمام کھلاڑی سنجیدہ ہیں:میڈیا سے گفتگو
راولپنڈی(فضیلہ خان) قومی ٹیم کے تجربہ کار بلے باز فخر زمان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے اس ٹیم سے بہترین کمبینیشن بنے گا اور وکٹیں بھی کافی اچھی ہیں، جبکہ تمام کھلاڑی فرسٹ کلاس سیزن کھیل کر آئے ہیں جس سے وہ مکمل ردہم میں ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ فرسٹ کلاس کرکٹ کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوتا ہے کہ یہ کھلاڑیوں کو ذہنی اور جسمانی طور پر سخت مقابلوں کے لیے تیار کرتی ہے۔میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے فخر زمان نے کہا کہ 50 اوورز کی کرکٹ اتنی لمبی نہیں لگتی جب کھلاڑی بھرپور فرسٹ کلاس سیزن کھیل کر میدان میں اتریں۔ ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل کرکٹ کے فرق کے حوالے سے انہوں نے واضح کیا کہ نیشنل کرکٹ اکیڈمی کے کیمپ اور پاکستان 'اے' ٹیم کے دورے اس فرق کو کم کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔انہوں نے کہا جب کوئی کھلاڑی اچھا کھیلتا ہے تو لوگ پیار دیتے ہیں، اور جب ٹیم کی کارکردگی اچھی نہیں ہوتی تو مداحوں کا مایوس ہونا بھی فطری بات ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہر کھلاڑی یہی چاہتا ہے کہ وہ اپنی ٹیم کے لیے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے۔قومی ٹیم کے طویل عرصے سے کوئی بڑا ٹائٹل نہ جیتنے کے سوال پر انہوں نے کہا، "کافی وقت ہو گیا ہے کہ ہم کوئی بڑا ایونٹ نہیں جیتے، ہم فائنلز اور سیمی فائنلز تک تو پہنچے ہیں لیکن کوئی بڑا ٹائٹل اپنے نام نہیں کر سکے۔ ہماری پوری کوشش ہے کہ اس بار ٹرافی جیتیں، اور اس مقصد کے لیے تمام کھلاڑی انتہائی سنجیدہ ہیں۔