سندھ حکومت کا سرکاری ملازمین کا ریٹائرمنٹ ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ

کراچی(آئی این پی )سندھ حکومت نے تمام محکموں کے سرکاری ملازمین کا ریٹائرمنٹ ریکارڈ ڈیجیٹلائز کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔رپورٹ کے مطابق ملازمین کو ریٹائرمنٹ کے روز ہی گریجویٹی اور جی پی فنڈ ادا کیا جائے گا، محکمہ کالج تعلیم نے عملدرآمد کیلئے حکم نامہ جاری کردیا ۔محکمہ کالج تعلیم کے سیکریٹری ندیم الرحمان میمن کی منظوری کے بعد مراسلہ سیکشن افسر جنرل ایڈمنسٹریشن غلام مصطفی کے دستخط سے جاری کردیاگیا۔مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ ملازمین کا ریٹائرمنٹ سے چھ ماہ قبل ریکارڈ فراہم کیا جائے اور ریٹائرمنٹ سے چھ ماہ قبل ریکارڈ ارسال کیا جائے تاکہ وقت پر گریجویٹی اور جی پی فنڈ ادا کیا جائے , ریٹائرہونے والے ملازمین کی گریجویٹی اور جی پی فنڈ کی ادائیگی میں تاخیر قابل قبول نہیں ہوگی ۔ خط میں لکھا گیا ہے کہ گریجویٹی اور جی پی فنڈ کی ادائیگی کے معاملات وقت پر حل کئے جائیں۔