اللہ بخشی اپنے پانچ بچوں کے ہمراہ ایک مسجد کے مینار پر چڑھ گئی تھی
ڈولفن فورس نے بروقت کارروائی سے ماں اور بچوں کو ریسکیو کر لیا
لاہور (کرائم رپورٹر) رائیونڈ کے علاقے میں گھریلو حالات سے تنگ آ کر 40 سالہ خاتون نے اپنے پانچ بچوں سمیت خودکشی کی کوشش کی تاہم ڈولفن فورس کی بروقت کارروائی سے ماں اور بچوں کو بحفاظت ریسکیو کر لیا گیاترجمان ڈولفن کے مطابق شیرا کوٹ کی رہائشی اللہ بخشی اپنے پانچ بچوں کے ہمراہ ایک مسجد کے مینار پر چڑھ گئی تھی اور مبینہ طور پر خودکشی کرنا چاہتی تھی۔ اطلاع ملنے پر ڈولفن ٹیم فوری طور پر موقع پر پہنچ گئی اور نہایت حکمتِ عملی کے ساتھ خاتون اور بچوں کو بحفاظت نیچے اتار لیاریسکیو کیے گئے بچوں میں 14 سالہ آمنہ، 11 سالہ اذان، 8 سالہ علیزہ، 7 سالہ علینہ اور 6 سالہ عدنان شامل ہیں۔ تمام افراد کو حفاظتی تحویل میں لے کر تھانہ رائیونڈ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں مزید قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ایس پی ڈولفن اختر نواز نے واقعے پر فوری اور مؤثر ردعمل دینے پر ڈولفن ٹیم کو شاباش دیتے ہوئے تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ خاتون نے ابتدائی بیان میں گھریلو حالات سے دلبرداشتہ ہونے کا ذکر کیا ہے جبکہ مزید تحقیقات جاری ہیں۔