سلمان خان کو بڑا ریلیف، دہلی ہائیکورٹ نے فلم کالا ہرن کی ریلیز روک دی

اگلی سماعت تک فلم کو نہ سنیما گھروں اور نہ ہی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کیا جا سکے گا
ممبئی (شوبز ڈیسک)بالی ووڈ اداکار سلمان خان کو بڑا ریلیف مل گیا، دہلی ہائی کورٹ نے اداکار کو پیش آئے واقعے سے متاثرہ فلم  کالا ہرن: دی بیٹل فار لیگیسی کی ریلیز روکنے کا حکم دے دیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق گزشتہ روز  سماعت کے دوران دہلی ہائی کورٹ نے حکم دیا کہ فلم کو فی الحال سنیما گھروں میں ریلیز نہیں کیا جا سکتا۔کالا ہرن ایک کرائم تھرلر اور ڈرامہ فلم ہے، جس کی کہانی 1998 میں راجستھان میں پیش آنے والے کالے ہرن کے شکار کے متنازع مقدمے سے متاثر ہے، جس میں سلمان خان ملوث تھے۔فلم کے پروڈیوسر امیت جانی کا بیان ریکارڈ کیے جانے کے بعد ہائی کورٹ نے قرار دیا کہ سینٹرل بورڈ آف فلم سرٹیفیکیشن  کی جانب سے فلم کی منظوری زیرِ التوا ہونے کے باعث اسے فی الحال سنیما گھروں میں ریلیز نہیں کیا جا سکتا۔سلمان خان کی قانونی ٹیم میں شامل وکیل پراگ کھنڈھر نے بتایا کہ کیس کی اگلی سماعت 30 ستمبر 2026 کو ہو گی، اگلی سماعت تک فلم کو نہ سنیما گھروں اور نہ ہی او ٹی ٹی پلیٹ فارم پر ریلیز کیا جا سکے گا۔