غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں:سیدال خان
کوئٹہ(آئی این پی)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان سے سابق صوبائی وزیر خزانہ امجد رشید کی قیادت میں چینی سرمایہ کار کمپنی چانگ جیانگ انڈسٹریز کے چیئرمین ژانگ یانگ نے اپنے وفد کے ہمراہ ڈپٹی چیئرمین سینٹ کی کوئٹہ میں واقع ریاشگاہ پر ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان میں چینی کمپنیوں کی جانب سے ممکنہ سرمایہ کاری، صنعتی ترقی اور پاک چین اقتصادی تعاون کے مختلف پہلوؤں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔وفد نے ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ چینی کمپنیاں آئندہ پانچ برسوں کے دوران پاکستان خصوصاً بلوچستان میں صنعت، معدنیات، زراعت، ٹرانسپورٹ، سیاحت اور دیگر معاشی شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتی ہیں۔ بریفنگ کے مطابق ابتدائی مرحلے میں مینوفیکچرنگ کے شعبے میں تقریباً 2.6 ارب امریکی ڈالر جبکہ معدنیات کے شعبے میں 14 ملین امریکی ڈالر کی ابتدائی سرمایہ کاری متوقع ہے جس سے بلوچستان میں صنعتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا