لاہور(کرائم رپورٹر)ڈولفن سکواڈ نے شہر بھر میں جعلی اور چوری شدہ نمبر پلیٹ والی موٹر سائیکلوں کے خلاف مؤثر کارروائیاں کرتے ہوئے گزشتہ 48 گھنٹوں کے دوران 24 موٹر سائیکلیں برآمد کر لیں۔ ترجمان ڈولفن کے مطابق برآمد ہونے والی موٹر سائیکلوں کا ڈیٹا چوری کا نکلا۔ قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد 17 موٹر سائیکلیں سپرداری پر ان کے اصل مالکان کے حوالے کر دی گئیں، جبکہ جعلی نمبر پلیٹ کی حامل 6 موٹر سائیکلوں کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی گئی۔ اس کے علاوہ ایک چوری شدہ موٹر سائیکل کو متعلقہ تھانے کے حوالے کر دیا گیا چوری شدہ موٹر سائیکلوں کا مکمل ڈیٹا مرتب کر کے ڈولفن سیکٹر انچارجز کے حوالے کر دیا گیا ہے تاکہ مستقبل میں مزید مؤثر کارروائیاں کی جا سکیں۔ایس پی ڈولفن اختر نواز نے سپرداری پر موٹر سائیکلیں حاصل کرنے والے شہریوں کو ہدایت کی کہ وہ جلد از جلد اپنی گاڑیوں کا ریکارڈ درست کروائیں۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا پولیس مدد کے لیے 15 پر کال کریں، کیونکہ 15 پر کال کرنے سے قانونی کارروائی میں بروقت مدد حاصل ہوتی ہے۔انہوں نے مزید بتایا کہ موٹر سائیکلوں کے خلاف یہ تمام کارروائیاں پولیس ایپ کے ذریعے کی گئیں، جو جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کی ایک مؤثر مثال ہے۔