بھارت اور پاکستان کے پنجاب خطے کے درمیان محبت، ثقافتی قربت اور باہمی احترام کی طویل تاریخ رہی ہے، جس کا اظہار اکثر دونوں ممالک کی معروف شخصیات اپنے تجربات کے ذریعے کرتی ہیں۔
حال ہی میں نامور بھارتی مصنفہ اور سینئر صحافی شیبا اسلم فہمی نے اپنے پوڈکاسٹ ’کنٹو پرنتو ود شیبا‘ میں پاکستان کے بارے میں مثبت خیالات کا اظہار کیا۔ شیبا کے مطابق، پاکستان جانے والے بھارتی شہری ہمیشہ وہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی، محبت اور خلوص کی تعریف کرتے ہیں، اور آج تک کسی نے پاکستان کے خلاف منفی بات نہیں کی۔پوڈکاسٹ میں ان کے ساتھی، ایوارڈ یافتہ بھارتی صحافی شِو اندَر سنگھ نے بھی 2024 کے پاکستان کے دورے کے دلچسپ تجربات شیئر کیے۔ شِو اندَر سنگھ کے مطابق پاکستانی دوستوں نے انہیں اتنے تحائف دیے کہ اضافی سوٹ کیس خریدنا پڑا، اور دکاندار نے کپڑوں کے پیسے لینے سے انکار کیا۔ انہوں نے انہیں ملک شیک پلایا اور ڈیڑھ گھنٹے تک اپنی دادی کے قصے سنائے، جو لدھیانہ سے لاہور تک پہنچنے کے تجربات بیان کرتے ہیں۔شِو اندَر سنگھ کے مطابق، پاکستانی عوام بھارتی فلموں، اداکاروں اور پنجابی ثقافت سے گہری محبت رکھتے ہیں، اور یہی مشترکہ رشتہ دونوں پنجابوں کو جوڑے رکھتا ہے۔