27ویں آئینی ترمیم آئین کو متنازع بنائے گی:راجہ ناصر عباس

 27ویں آئینی ترمیم آئین کو متنازع بنائے گی:راجہ ناصر عباس

حزبِ اختلاف کے سینیٹر علامہ راجہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ 27ویں آئینی ترمیم آئین کو متنازع بنا سکتی ہے، اور یہ ترمیم پاکستان کی سالمیت پر حملہ ہے۔

انہوں نے چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی کی زیر صدارت اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ ترمیم پارلیمنٹ کی نمائندگی نہیں ہے اور اس سے پارلیمنٹ کی حیثیت ختم ہو جائے گی۔راجہ ناصر عباس کا مزید کہنا ہے کہ جلدی میں ترمیم کا فیصلہ کیوں کیا جا رہا ہے، اور کہا کہ 1973 کا آئین نئے پاکستان کا آئین تھا۔ انہوں نے 18ویں آئینی ترمیم پر اتفاق رائے کا ذکر کیا اور 26ویں ترمیم پر لوگوں کو اٹھانے اور دھمکیاں دینے کا الزام عائد کیا، جس سے آئین متنازعہ ہوا۔

دریں اثنا، وفاقی وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے آئینی ترمیم کا بل سینیٹ میں پیش کیا، جس کے بعد چیئرمین سینیٹ نے اسے کمیٹی قانون و انصاف کے سپرد کر دیا۔واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے آذربائیجان کے شہر باکو سے ویڈیو لنک کے ذریعے وفاقی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے 27ویں آئینی ترمیم کی منظوری دی تھی۔