بلوچستان کے ضلع نصیرآباد کے علاقے نوتال میں ریلوے ٹریک کو دھماکا خیز مواد سے نشانہ بنایا گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔
پولیس ذرائع کے مطابق دھماکا قومی شاہراہ کے قریب پیش آیا اور ٹریک کو جزوی نقصان پہنچا۔ دھماکے کی آواز دور تک سنی گئی، جس کے بعد پولیس اور سیکیورٹی فورسز فوری طور پر جائے وقوعہ پر پہنچ گئیں اور علاقے کی ناکہ بندی کے ساتھ سرچ آپریشن شروع کیا گیا۔ریلوے حکام نے متاثرہ حصے کی مرمت کا کام فوری طور پر شروع کر دیا، اور دھماکے کے وقت کوئی ٹرین گزرنے والی نہیں تھی، جس کی بدولت بڑا حادثہ ٹل گیا۔سیکیورٹی ماہرین کے مطابق بلوچستان میں ریلوے انفراسٹرکچر کو نشانہ بنانے کے واقعات میں حالیہ دنوں اضافہ ہوا ہے، جس کا مقصد صوبے میں عدم استحکام پیدا کرنا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے۔پولیس نے عوام سے اپیل کی ہے کہ کسی بھی مشکوک سرگرمی کی اطلاع فوری طور پر قریبی پولیس کو دیں۔