تائیوان: ایف 16 لڑاکا طیارہ مشرقی ساحل کے قریب گر کر تباہ، ریسکیو آپریشن جاری

تائیوان: ایف 16 لڑاکا طیارہ مشرقی ساحل کے قریب گر کر تباہ، ریسکیو آپریشن جاری

تائیوان کے مشرقی ساحل کے قریب ایک ایف 16 لڑاکا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا، جس کے بعد پائلٹ کی تلاش کے لیے بڑے پیمانے پر ریسکیو آپریشن شروع کر دیا گیا ہے۔

 حادثے نے تائیوان کی فضائی سلامتی سے متعلق خدشات کو ایک بار پھر اجاگر کیا ہے۔تائیوان کی خبر رساں ایجنسی کے مطابق حادثے کے فوراً بعد ریسکیو ٹیموں کو روانہ کیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ طیارہ سمندر کے قریب گر کر تباہ ہوا، اور سرچ آپریشن میں بحری اور فضائی دونوں وسائل استعمال کیے جا رہے ہیں۔فضائیہ کے مطابق ایف 16 طیارہ معمول کی تربیتی پرواز پر تھا کہ اچانک حادثے کا شکار ہوا۔ ابتدائی اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ طیارے کو کسی ہنگامی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا، تاہم حادثے کی اصل وجہ جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی گئی ہیں۔خبر رساں ایجنسی کے مطابق پائلٹ کے بارے میں خیال کیا جا رہا ہے کہ وہ ہولین کاؤنٹی کے قریب طیارے سے بروقت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب ہوا۔ حکام نے کہا کہ اگر پائلٹ نے ایجیکٹ کیا ہے تو اس کی تلاش کے امکانات روشن ہیں، تاہم حتمی تصدیق ریسکیو آپریشن مکمل ہونے کے بعد ہوگی۔

حادثے کے بعد تائیوان کے صدر ولیم لائی چنگ تے نے تمام متعلقہ اداروں کو فوری طور پر متحرک ہونے کی ہدایت کی۔ صدر نے پائلٹ کی جلد بازیابی کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لانے اور سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن تیز کرنے کا حکم دیا۔صدر نے مزید کہا کہ حادثے کی وجوہات معلوم کرنے کے لیے مکمل اور شفاف تحقیقات کی جائیں گی، اور فضائیہ کے اہلکاروں کی سلامتی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔واضح رہے کہ تائیوان کی فضائیہ میں ایف 16 طیارے اہم دفاعی کردار ادا کرتے ہیں اور تربیتی پروازوں کے دوران حادثات پر پہلے بھی سوالات اٹھتے رہے ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ ریسکیو اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات جاری کی جائیں گی۔